بنگلہ دیش کے بین الاقوامی بارڈر پر جانوروں کی اسمگلنگ روکنے کے لئے
حکومت نے سپریم کورٹ کو ایک رپورٹ سونپی ہے۔ مرکزی حکومت نے عدالت سے بتایا
ہے کہ اس معاملے میں جوائنٹ سکریٹری اور وزارت داخلہ کی صدارت میں ایک
کمیٹی بنائی گئی تھی۔ اس کمیٹی نے گایوں کے لئے بھی آدھار کارڈ کی ہی طرح
یو آئی ڈی جاری کرنے کی سفارش کی ہے۔ سفارشات کے مطابق آوارا جانوروں کی
حفاظت اور دیکھ بھال بھی ریاستی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ اس کے علاوہ ہر
ضلع میں کم از کم 500 جانوروں کے لئے شیلٹر ہوم ہونا چاہئے۔
دودھ دینے کی عمر تک جانوروں کی خصوصی
دیکھ بھال کی جانی چاہئے۔ اس سے
جانوروں کی اسمگلنگ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ شیلٹر ہوم کے لئے فائنانسنگ
ریاستی حکومت کی طرف سے کی جانی چاہئے۔ موجودہ پناہ گھروں میں سہولت اور
انسانی وسائل کی کمی ہے۔
کسانوں کے لئے ایسی اسکیمیں شروع کرنی چاہئیں جس سے وہ جانور فروخت کرنے پر
مجبور ہونے سے بچ سکیں۔ ہندوستان میں موجود ہر گائے اور اس کے بچے کو
آدھار کارڈ کی ہی طرح ایک یو آئی ڈی نمبر جاری کیا جائے اور انہیں اسی کی
بنیاد پر ٹریک بھی کیا جائے۔ یو آئی ڈی نمبر میں عمر، نسل، جنس، اونچائی،
جسم، رنگ، سینگ کی قسم جیسی تفصیلات ہونی چاہئیں۔